بریڈ فورڈ (ظفر تنویر) برطانیہ میں اردو کی ترقی اور ترویج کیلئے کئے گئے کام کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جانے والے صحافی، دانشور اور افسانہ نگار شیخ مقصود الٰہی 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔اردو ادب کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے دس برس قبل انہیں تمغہ حسن کارکردگی دیا تھا، شیخ مقصود الٰہی ایک عرصہ تک پاکستان کے قومی بنک نیشنل بنک آف پاکستان سے وابستہ رہے، اس دوران انہوں نے پاکستان سوسائٹی بناتے ہوئے شمالی انگلستان میں مزدوری کی غرض سے آئے ہوئے پاکستانیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کیا، وہ ایک نامور افسانہ نگار تھے جن کے 9 مجموعے شائع ہوچکے ہیں۔ 5 5برس تک مرحوم کے ساتھ رہنے والے مقامی کرکٹ ایمپائر خواجہ محمد شفیق کا کہنا ہے کہ مرحوم کو اردو سے اس حد تک لگاؤ تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اردو کا ہی پرچم لئے دنیا بھر میں گھومتے رہے، انہوں نے 60کی دہائی میں بریڈ فورڈ سے ’’المشتہر‘‘ کے نام سے اردو کا پہلا رسالہ نکالا بعد میں اس کا نام راوی رکھ دیا گیا جو ان کی نگرانی اور مرحوم کی بیوہ فریدہ شیخ کی ادارت میں 40برس تک باقاعدگی سے شائع ہوتا رہا، مرحوم نے اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد ایک ادبی جریدہ ’’مخزن‘‘ نکالا جسے دنیا بھر کے ادبی حلقوں میں پسند کیا گیا، شیخ مقصود الٰہی کی انہی سرگرمیوں کے باعث پاکستان میں ان پر پی ایچ ڈی کی گئی جب کہ ان ہی خدمات کے عوض بریڈ فورڈ یونیورسٹی نے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی۔ مرحوم کچھ عرصے سے علیل تھے۔ انہوں نے اپنے پسماندگان میں بیوہ،تین بیٹیاں، دوبیٹے اور چاہنے والوں کا ایک وسیع حلقہ سوگوار چھوڑا ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج 22ستمبر کو ویسٹ گیٹ جامع مسجد بریڈ فورڈ بی ڈی 31آر بی میں ادا کی جائے گی جب کہ تدفین سیمنٹری روڈ قبرستان میں ہوگی۔