سٹیفورڈ(مریم فیصل) سٹیفورڈ این ایچ ایس نے موسم خزاں کیلئے کوویڈ ویکسین کی بکنگ کا آغاز کردیا ۔ مڈ لینڈ میں رہنے والے تقریبا چار ملین افراد ویکسین کیلئے اہل ہیں ، ان میں65برس سے زائد عمر کے افراد ، کسی مہلک اور طویل مدتی بیماری میں مبتلا ، حاملہ خواتین یا پھر ایسے افراد جو برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں،شامل ہیں ۔این ایچ ایس نے موسم سرما کے ویکسین پروگرام کو وقت سے پہلے ہی شروع کردیا ہے تاکہ کوویڈ کے نئے ویرینٹ کے خطرے کو کم کیا جاسکے ۔ این ایچ ایس کی ویب سائٹ کے ذریعے اور 119 پر فون کر کے بکنگ کر وائی جاسکتی ہے ۔ کوویڈ کے ساتھ فلو ویکسین پروگرام کا آغاز بھی ہوگیا ہے ۔ پورے برطانیہ میں تقریبا 30 ملین افراد فلو کیلئے اور20 ملین سے زائد افراد کوویڈ ویکسین کے اہل ہیں ۔18 برس سے کم عمر افراد کیلئے ویکسین پروگرام اس سال کے آخر میں شروع کیا جائے گا ۔ ہیلتھ چیف کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ادارے کے پاس ضرورت سے زیادہ اہلیت موجود ہے کہ اکتوبر ختم ہونے سے پہلے اہل افراد کو فلو اور کوویڈ ویکسین آفر کی جاسکے اور اہل افراد پر زور دیا جارہا ہے کہ وہ یہ ویکسین ضرور لگوائے تاکہ کوویڈ کے نئے ویرینٹ کو پھیلنے سے روکنے میں مدد مل سکے ۔