• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈا میں امیگرینٹس خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں، جگمیت سنگھ

مانٹریال( نیوز ڈیسک)کینیڈا کی اہم سیاسی جماعت نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ جگمیت سنگھ نے کہا ہے کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد کینیڈا میں ناصرف سکھ بلکہ وہ تمام امیگرینٹ کمیونٹیز خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں جوان جابر حکومتوں یا ممالک کے خلاف آواز بلند کرتی ہیں جہاں سے وہ کینیڈا منتقل ہوئی ہیں۔جگمیت سنگھ کا کہنا ہے کہ اگر ہردیپ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا الزام درست ہے تو یہ کینیڈا کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی کی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جس ملک میں لوگ خود کو محفوظ تصور کرتے تھے اب وہ سمجھتے ہیں کہ اب ایسا نہیں رہا۔جگمیت سنگھ نے کہا کہ جن لوگوں کے ذہنوں میں تصور ہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے، وہ ہر دیپ نجر کی موت کے واقعے سے ضرور حیرت سے دو چار ہوئے ہوں گے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ بہت سے تارکینِ وطن کے لیے یہ بالکل حیرت کی بات نہیں کہ بھارتی حکومت اس پستی تک گر سکتی ہے۔جگمیت سنگھ نے یہ بھی کہا ہے کہ اس وقت سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ بھارت سے تعلقات معمول کی سطح پر لائے جائیں۔واضح رہے کہ جگمیت سنگھ انسانی حقوق سے متعلق بھارت کے اقدامات پر ماضی میں بھی کڑی تنقید کرتے رہے ہیں۔2013ء میں بھارت نے جگمیت سنگھ کو اونٹاریو کا رکنِ پارلیمنٹ ہونے کے باوجود ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا۔
یورپ سے سے مزید