صادق خان کا میٹ سکروٹنی میں مدد کیلئے لندن پولیسنگ بورڈ کا اعلان

September 24, 2023

لندن (پی اے) لندن کے میئر صادق خان نے میٹ کی سکروٹنی کرنے میں مدد کیلئے لندن پولیسنگ بورڈ کا اعلان کر دیا۔ میئر صادق خان نے کہا کہ میٹ پر اعتماد کی سب سے نچلی سطح والی کمیونٹیز کے نمائندے میٹروپولیٹن پولیس فورس کی سکروٹنی کرنے میں ان کی مدد کریں گے۔ سٹیفن لارنس، جو 1993میں نسلی بنیاد پر ایک حملے میں مارے گئے تھے، کے بھائی سٹیورٹ لارنس اور میٹرو پولیٹن پولیس کے ریٹائرڈ افسر نیل باسو ان لوگوں میں شامل ہیں، جن کا لندن پولیسنگ بورڈ میں اعلان کیا گیا ہے۔ مسٹر باسو، جو کبھی برطانیہ کے سب سے سینئر غیر سفید فام افسر تھے، نے ماہ رواں کے آغاز میں کہا تھا کہ پوری پولیس سروس میں بلی انگ کا کلچر پایا جاتا ہے۔ صادق خان نے کہا کہ بورڈ میں شامل افراد غیرمعمولی پروفیشنل سکلزکے حامل ہیں اور وہ اپنے گراں قدر تجربے کی بنیاد مثبت فرق پیدا کر سکتے ہیں۔ یہ بورڈ بیرونس لوئیس کیسی کے میٹروپولیٹن پولیس میں کلچر اینڈ سٹینڈرڈز ریویو کی سفارش کے مطابق قائم کیا گیا ہے۔ بیرونس کیسی ریویو میں، جس کا حکم سارہ ایورارڈ کے قتل کے تناظر میں دیا گیا تھا، یہ پایا گیا کہ میٹ ادارہ جاتی طور پر نسل پرست،ہم جنس پرست،بدانتظام والا ہے اور اس نے کئی پریشان کن واقعات کو جنم دیا ہے۔ بورڈ میٹ پولیس میں دیرپا تبدیلی لانے میں مدد کیلئے بیرونی مہارت لانے کے سلسلے میں میئر لندن کے عزم کا حصہ ہے۔ مسٹر لارنس اور مسٹر باسو کے ساتھ ساتھ بورڈ کے دیگر ارکان میں سر جان ایسٹن،ٹزبروک،نک کیمپسی، کیرولین ڈاؤنز،سائس ہومز لیوس،سوسن لی،پاؤلا میکڈونلڈ،نکولا رولاک،اینڈریا سائمن اور لیزلی تھامس کے سی شامل ہیں۔ ڈپٹی میئر برائے پولیسنگ اینڈ کرائم سوفی لنڈن اور ڈپٹی میئر برائے کمیونٹیز اینڈ سوشل جسٹس ڈاکٹر ڈیبی ویکس برنارڈ بھی بورڈ میں لندن انڈی پینڈنٹ وکٹمز کمشنر کلیئری ویکس مین او بی ای اور لندن کونسلز ایگزیکٹو ممبر فار کمیونٹی سیفٹی اینڈ وائیلنس اگینسٹ وومین اینڈ گرلز کونسلر تھوال کے ساتھ بیٹھیں گی۔ بورڈ کا اجلاس سال میں چار مرتبہ ہوگا۔ میئر لندن مسٹر خان کا کہنا ہے کہ میں نے نئے کمشنر کی تقرری کے ساتھ پہلے ہی میٹ کو دور رس سسٹمیٹک اینڈ کلچرل ریفارمز کے راستے پر ڈال دیا ہے اور آج لندن کے نئے پولیسنگ بورڈ کے ارکان کا اعلان اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ یہ نیا بورڈ بیرونی مہارت اور زندگی کے تجربات کی وسیع اور متنوع رینج کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ بورڈ پولیسنگ میں ان تبدیلیوں کی نگرانی کرنے اور چلانے میں مدد کرے گا، جن کی لندن والوں کو ضرورت ہے اور وہ اس کے مستحق بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بورڈ میں ان کمیونٹیز کی مستحکم نمائندگی ہے، جن میں میٹ پر طویل عرصے سے اعتماد کی کم ترین سطح پائی جاتی ہے۔ ان کا تعاون ان اصلاحات کو آگے بڑھانے میں انمول ہوگا اور یہ ایک محفوظ اور منصفانہ لندن بنانے کیلئے ضروری ہے، جو سب کیلئے مساوی ہو۔