اسلام آباد ائرپورٹ مین رن وے کو 5 دن کیلئے بند نہیں کیا گیا‘ ترجمان

September 25, 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے مین رن وے کو 5یوم کیلئے بند نہیں کیا گیا نہ کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے منیجر آفتاب جیلانی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کے ترجمان سیف اللہ ایڈیشنل ڈائریکٹر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مین رن وے پر طیاروں کے ٹائروں کا ربڑ ٹکرا کے گھستا ہے‘ اُس ربڑ کے دو ڈیپازٹس ہوتے ہیں آج 25ستمبر 2023ء کی دوپہر سے اُن کو ایک سپیشل وہیکل ربڑ ڈیپازٹس ریموور کے ذریعے صاف کیا جائیگا۔ یہ معمول کی رن وے کی مینٹی ننس کی پریکٹس ہے‘ جس طرح امارات کی لفٹس کی مینٹی ننس سال میں چار چھ دفعہ کرائی جاتی ہے اُنہوں نے واضح کیا کہ مین رن وے پر بھی پروازیں لینڈ اور ٹیک آف کرتی رہیں گی۔