کراچی (جنگ نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق رکن اسمبلی شہزاد قریشی نے ملک میں جلد از جلد صاف شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ عام انتخابات کیلئے جنوری کا اعلان آئین کے برخلاف ہے، اپنے بیان میں شہزاد قریشی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن 90 دِن میں کرانا ضروری ہیں، الیکشن سے متعلق سیاسی جماعتوں میں بے یقینی کی کیفیت ہے، سندھ میں موجود کرپٹ افسران دھاندلی زدہ الیکشن کے ماہر ہیں،عام انتخابات کیلئے لازم ہے آئینی اُصولوں کو برقرار رکھا جائے،ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر مذاق ہورہا ہے، پاکستان میں عوامی لیڈرز کو جیل میں رکھا جاتا ہے جبکہ کرپٹ لوگوں کو عوام کے سر پر بٹھا دیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ چاہے ملک کی معیشت تباہ ہو جائے، چاہے عوام مہنگائی کی چکی میں پس جائیں مگر حکمران انتخابات نہیں ہونے دینا چاہتے۔