سندھ کی نگراں حکومت ڈاکوؤں کے خلاف حقیقی کارروائی کرے، حافظ نعیم

September 26, 2023

کراچی ( اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ٰنے سندھ کی نگراں حکومت سے کہا ہے کہ اگر وہ پیپلز پارٹی کی ایکسٹینشن نہیں ہے تو کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کے خلاف حقیقی معنوں میں کارروائی اور سسٹم کے نام پر کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں کو گرفتار کرے، اسٹریٹ کرائمز اور مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لائے، کراچی یونیورسٹی اور وفاقی اردو یونیورسٹی کی گرانٹس میں اضافہ اور اساتذہ و طلبہ کے مسائل حل کیے جائیں،جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خود آگے آئیں اور اساتذہ کے ساتھ مل کر معاملات بہتر کریں ، اردو یونیورسٹی کا ہید کوارٹر اسلام آباد منتقل نہ کیا جائے، نگراں وزیر اعظم بتائیں کہ وڈیروں و جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے سے کس نے روکا ہے؟ اعلیٰ افسران اور طبقہ اشرافیہ کی مراعات ختم کرنے کی سمری وفاقی کابینہ میں کیوں مسترد کی گئی؟ آئی پی پیز سے ہونے والے عوام دشمن اور ظالمانہ معاہدے ختم کیوں نہیں کیے جارہے؟ ایک مخصوص طبقے اور جاگیرداروں کو کیوں تحفظ دیا جا رہا ہے؟ عوام کو ریلیف کیوں نہیں دیا جا رہا؟ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک جاری ہے، 12ربیع الاوّل کے بعد کراچی میں 100مقامات پر سڑکوں پر گاڑیاں روک کر احتجاج اور 6اکتوبر کو گورنر ہاؤس سندھ پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حافظ نعیم الرحمنٰ نے کہا کہ زرعی آمدنی پر انکم ٹیکس صرف 4ارب روپے جبکہ تنخواہ دار طبقے سے 264ارب روپے سالانہ وصول کیے جاتے ہیں، چاروں صوبوں میں زرعی انکم ٹیکس جمع کرنے والے عملے کی تنخواہیں وصول شدہ ٹیکس سے زیادہ ہوتی ہیں، ملک کو ایک مخصوص جاگیردار اور سرمایہ دار طبقہ لوٹ رہا ہے، آٹے اور چینی کی ملیں ان ہی کی ہیں اور یہ ایک مافیا کی شکل اختیار کر چکے ہیں اور پارٹیاں بدل بدل کر عوام پر مسلط ہوتے رہتے ہیں ان سے نجات حاصل کیے بغیر حالات بہتر نہیں ہو سکتے۔