کھاد کے بیگ کی قیمت 500 سے 600 روپے تک کم ہوگئی

September 28, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت ختم ہو نے سے یوریا کھاد کے بیگ کی قیمت 500سے 600روپے تک کم ہوگئی ،مارکیٹ ذرائع کے مطابق اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور کھاد کی قیمتیں معمول پر آنا شروع ہوگئی ہیں اس وقت کھاد کے بیگ کی قیمت500سے600روپے تک کم ہوگئی ہے۔ وزراتِ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق کھاد کی ذخیرہ اندوزی میں 90سے زائد مڈل مین ملوث تھے جن کی وجہ سے مارکیٹ میں مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافہ ہورہاتھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کھاد کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کاروائی میں سندھ کے مختلف علاقوں سے کھاد کے 90ہزار بیگز ضبط کیے ہیں جبکہ میرپور خاص کے مختلف گوداموں سے 85ہزار سے زائد کھاد کے بیگز ضبط کیے گئے ہیں۔