کراچی (اعظم علی، نمائندہ خصوصی ) کلری پولیس نے پک اپ گاڑیوں کی ریس میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ، لیاری ایکسپریس وے پر سہراب گوٹھ سے غلامان عباس تک ہفتہ وارریس پر لاکھوں روپے کا جوا لگتا تھا۔ لیاری ایکسپریس وے پر درجنوں سوزوکیوں اور سیکڑوں منچلے نوجوانوں کی موجودگی کی اطلاع پر ہیڈ محرر کلری خالد بلوچ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریس میں ملوث افراد میں پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 238/23 زیر دفعہ 279 درج کرلیا گیا جبکہ دو گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں ۔ علاقہ مکینوں کی شکایات پر کلری پولیس نے بروقت کارروائی کی ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق مبینہ طور پر موٹر وے پولیس رشوت کے عوض اس ریس کی سر پرستی کررہی تھی ۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ متعدد بار موٹر وے پولیس کو بذریعہ ہیلپ لائن 130 پر اس خونی ریس کی اطلاع کی گئی تھی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ علاقہ مکینوں نے کلری پولیس کی بر وقت کارروائی کو سراہا ہے۔