ملیر جلسہ، عمارتیں ایم کیو ایم کے پرچم اور برقی قمقموں سے سجائی گئیں، لوگوں کا جوش و خروش دیدنی

October 02, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ملیر ٹاؤن کے زیر اہتمام اتوار کوعوامی جلسہ کا انعقاد کیا گیاجلسہ گاہ کے اطراف میں عمارتوں کو ایم کیو ایم کے پرچم اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا،لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا، سیکورٹی کے بھی بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔ جلسے کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، اسٹیج پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینرز سید مصطفی کمال، ڈاکٹرفاروق ستار، نسرین جلیل و ڈپٹی کنوینرز انیس قائم خانی، عبدالوسیم، خواجہ اظہارِ الحسن، اراکینِ رابطہ کمیٹی بھی موجود تھے۔ملیر کے حق پرست بزرگ مائیں بہنیں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد ٹولیوں کی شکل میں جلسہ گاہ میں داخل ہوتے رہے، عوام نے ہاتھوں میں ایم کیو ایم اور پاکستانی پرچم تھام رکھے تھے،وہ ایم کیو ایم کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے جلسہ گاہ میں داخل ہوتے رہے، جلسہ گاہ میں معذور افراد بھی شریک ہوئے، کار کنان پاکستان بنایا تھا، پاکستان بچائیں گے ، کراچی کے مسائل حل کرو، اگلا الیکشن ایم کیو ایم کا،کے نعرے لگارہے تھے، جلسے میں نوجوانوں، بچوں، ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔