پولیو کے خاتمے کیلئے روٹین امیونائزیشن کوبہتر بنا یا جائے،چیف سیکرٹری

October 03, 2023

لاہور(خصوصی نمائندہ)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نےکہاہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے صوبہ بھر میں روٹین امیونائزیشن کوبہتر بنا یا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی، جس میں پولیو،ڈینگی، آشوب چشم پر قابو کیلئے اقدامات اور صحت کے شعبے میں کی جانیوالی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ،ڈی جی خان، بہاولنگر، بہاولپور، جھنگ، گجرات اور پاکپتن میں میں روٹین امیونائزیشن بہتر بنانے کیلئے خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولیو اور ڈینگی کے خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ صحت اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔