شہریوں کو لوٹنے کی وارداتیں جاری،5 گاڑیاں ،39 موٹر سائیکل بھی غائب

October 03, 2023

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 3گاڑیوں 25موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائلز اور نقدی سے محروم ہوگئے ،16افرادسے جھپٹا مارکرموبائل فونز چھین لئے گئے ۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی شہریوں کو لاکھوں کی نقدی، طلائی زیورات، موبائلز، دو گاڑیوں، 14موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا گیا، دو موٹر سائیکل اور ایک درجن موبائل فون اسلحہ کی نوک پر چھین لئے گئے۔تھانہ ریس کورس کے علاقہ میں دوموٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پرحمیر حسین کاظمی سے 11لاکھ روپے،تھانہ مورگاہ کے علاقہ ڈیفنس روڈ پر 2ملزم گن پوائنٹ پر ضمیر حسین کا موٹرسائیکل ،موبائل اور75ہزار روپے چھین کرفرارہوگئے ۔ محمد عظیم کے گھرکے تالے توڑ کر ہار سیٹ وزنی 5تولہ اور دس ہزار روپے چوری کرلئے گئے ۔تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں طلال سے اسلحہ کی نوک پر ایک لاکھ 57ہزار روپے چھین لئے گئے، تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں حفیظ کے گھر سے نقدی اور دو انگوٹھیاں،ذیشان کے گھر سے طلائی زیورات، قیمتی گھڑیاں اور دیگر سامان، نیلور کی حدود میں خرم کے گھر سے سات لاکھ 75 ہزار روپے اور طلائی زیورات چوری ہو گئے۔ تھانہ کورال پولیس کو شگفتہ نے بتایا کہ راجہ علی اکبر، صغیر، جہانگیر، سلیمان وغیرہ نے میرا پلاٹ مالیت70 لاکھ روپے خورد برد کر لیا۔ دیگر وارداتیں تھانہ بنی ،نیوٹاؤن ،نصیرآباد، سول لائنز ، کراچی کمپنی، انڈسٹریل ایریا ، سبزی منڈی ، سنگجانی ، شالیمار،شمس کالونی کی حدود میں ہوئیں۔