داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کا اجلاس، نئے پروگرامز منظور

November 28, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ نے جامعہ میں نئے پروگرامز کی منظوری دیدی ہے جبکہ بہار سیشن کے داخلوں کی بھی اجازت دی گئی جبکہ یونیورسٹی کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو بڑھانے کیلئے سینڈیکیٹ میں بہترین ڈیپارٹمنٹ ایوارڈ کا اعلان کیا گیا جس کے تحت ڈیپارٹمنٹ کو 10لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی سنڈیکیٹ کا 16واں اجلاس وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (تمغہ امتیاز) کی زیر صدارت گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں ادارے کے تعلیمی اور انتظامی امور کے اہم فیصلے کئے گئے ۔ سنڈیکیٹ کویونیورسٹی کے ملازمین کے بارے میں مطلع کیا گیا جنہوں نے غیر ملکی سروس کی چھٹیاں حاصل کیں یا بغیر اطلاع چلے گئے۔ سنڈیکیٹ نے ایسے افراد کیخلاف ای اینڈ ڈی اصولوں کے تحت کارروائی پر اتفاق کیا۔