ڈبلن میں فسادات، برطانوی پولیس کو اضافی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان

November 29, 2023

مانچسٹر(نمائندہ جنگ)فلسطینیوں کے حق میں ہونے والے مظاہرو ں سے نمٹنے کیلئے دباؤ کا شکار برطانوی پولیس کو ڈبلن میں پھوٹنے والے فسادات کے پیش نظر اضافی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔تین بچوں اور ایک خاتون پر مبینہ طو رپر چاقو سے حملے کر کے شدید زخمی کرنے کے واقعہ کےبعد ڈبلن میں فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ شدید احتجاج سے بچنے کیلئے برطانیہ میں بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ۔ بڑے پیمانے پر ڈبلن میں پولیس کی نفری حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے تعینات کی جا رہی ہے۔ مبینہ طو رپر ایک خود ساختہ آئرش محب وطن گروپ کے نجی گروہ کو مانیٹر کیا جا رہا ہے جن کا تارکین وطن کے حوالے سے کہنا ہے کہ بہت ہو چکا، اب بس کسی کو برداشت نہیں کریں گے، احتجاجی مظاہروں کے دوران آئرلینڈ کے مختلف علاقوں میں گروہوں کی طرف سے چھینا جھپٹی اور لوٹ مار جیسے واقعات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں ، بتایا جاتا ہے کہ چاقوسے حملہ کر کے تین بچوں اور ایک خاتون کو زخمی کرنے والا غیر ملکی شہری تھا، بچوں کے زخمی ہونے کے واقعہ کے بعد پانچ سو کے قریب مظاہرین کو گروہوں میں مشہور مقامات پر جھنڈے لہر تے ہوئے احتجاج کرتے نظر آ رہے ہیں، متعدد مقامات پر پولیس افسران پر بھی حملوں کی اطلاعات ہیں جب کہ مجموعی طو رپر 50 کے قریب افراد کے شدید زخمی کی اطلاع ہے۔ بسوں اور ٹرام کو مظاہرین کی طرف سے نذر آتش کرنے کی وارداتیں بھی سامنے آئیں ہیں، ڈرائیورز کوتشدد کا نشانہ بنایا گیا گزشتہ روز شروع ہونے والے مظاہروں میں شدت آتی نظر آرہی ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ مزید غیر ملکیوں کو آنے کی اجازت نہیں دیں گے، انہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا ئے گا، برطانیہ میں سیکورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے، برطانیہ میں پہلے ہی فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں کے حوالے سے پولیس سخت دباؤ کا شکار ہے۔آئرلینڈ کے وزیر اعظم لیو وراڈکر نے کہا کہ خرابی حالات کی وجہ سے ڈبلن میں عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت کیلئے بھاری فنڈز درکار ہوں گے ،حالات کنٹرول کرنے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں، افسران کو باڈی کیمز استعمال کرنے کی اجازت دینے والی قانون سازی پر تیزی سے عمل کیا جائے گا۔