دورہ مشکل، کوشش ہوگی اچھی کارکردگی پیش کریں، شان مسعود، پاکستان ٹیم آسٹریلیا روانہ

November 30, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ بطور کپتان دورہ آسٹریلیا مشکل ہدف اور سب کیلئے چیلنج ہے،یہ بالکل نئی ٹیم نہیں، ایک متوازن ٹیم ہے۔ ہم نتائج کی ذمہ داری لیں گے، کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز ہو چکا ہے، کوشش ہو گی کہ فائنل کھیلیں۔ سابق کپتان بابراعظم اور سرفراز احمد کی موجودگی سے مجھ پر کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں، دونوں سے مشورے ضرور لوں گا۔ بابر اعظم کے ساتھ بہت اچھی ذہنی ہم آہنگی ہے وہ ہمارے بیٹنگ لیڈر ہیں۔ وہ بدھ کو لاہور سے آسٹریلیا روانگی سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ پاکستانی ٹیم بدھ کی شب لاہور سے براستہ دبئی سڈنی روانہ ہوگئی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14سے18دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا بڑی بات اور کپتانی کرنا اس سے بھی بڑی بات ہے ، جو اچھا نہیں ہو رہا اس کو بہتر کریں گے ۔ ہماری کوشش ہے کہ ٹیم میں ہر شعبے کا ایک لیڈر ہو۔ سرفراز احمد ہمارے سیٹل وکٹ کیپر بیٹر ہیں جبکہ محمد رضوان کی ہمیں بیٹر کی حیثیت سے ضرور پڑ سکتی ہے، کمبی نیشن کا فیصلہ وہاں کی کنڈیشنز کے مطابق کریں گے۔ نسیم شاہ کا نہ ہونا بڑا نقصان ہے، خواہش تھی کہ حارث رؤف بھی ہمارے ساتھ ٹیم کا حصہ ہوتے، لیکن جو بولرز شامل ہیں انہیں ہی کنڈیشنز کے مطابق استعمال کرنے کی کوشش کریں گے۔ شان مسعود نے کہا کہ میں نے نمبر3پر کرکٹ کھیلی اور میری کوشش ہوتی ہے کہ جو بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلوں، تیسرے نمبر پر ہی کھیلوں۔ امام الحق اورعبداللہ شفیق ایک ساتھ اچھا کھیل رہے ہیں، صائم ایوب باصلاحیت نوجوان ہیں۔ انہیں محنت کا پھل ملا ہے۔ شان مسعود نے کہا کہ18رکنی اسکواڈ میں دھیان اس پر تھا کہ کس طریقے سے ہم 20کھلاڑی آؤٹ کرسکتے ہیں اور رنز بنا سکتے ہیں۔ آخری بار ہم4سال پہلے آسٹریلیا گئے تھے، 4سال میں بہت کچھ بدل گیا ہوگا۔ احمد شہزاد سمیت سب کے لیے دروازے کھلے ہیں، ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے والا کھلاڑی ضرور ٹیم میں آئیگا لیکن پہلے ہم اپنے طے شدہ یونٹ کو پورا موقع دیں گے۔