ڈاؤن سنڈرم سے متاثرہ لوگوں کی چہل قدمی، صحت اور دانش مندی میں اضافہ کرتی ہے

December 03, 2023

لندن (پی اے) ایک نئی اسٹڈی سے ظاہر ہوا ہے کہ چہل قدمی سے ڈائون سنڈرم کے شکار لوگوں کی صحت اور دانشمندی میں اضافہ ہوتا ہے۔ 83 افراد پر کی جانے والی 8ہفتے کی اسٹڈی سے ظاہر ہوا ہے کہ ہفتہ میں 3 بار ہر سیشن میں 30منٹ واکنگ کرنے والوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوا اور 6منٹ کے ٹیسٹ کے دوران ان کی چہل قدمی کی سکت بڑھ گئی۔ ان لوگوں میں غلطیوں کے ارتکاب کی شرح بھی کم ہوگئی اور ان کے دانش مندانہ تجزیئے زیادہ درست ثابت ہوئے انگلیارسکن یونیورسٹی کے ڈاکٹر ڈان گورڈن کا کہنا ہے کہ ڈائون سنڈرم لوگوں میں چہل قدمی یا ورزش کوئی معمول کی بات نہیں ہے لیکن اس اسٹڈی سے ظاہر ہوتا ہے کہ چہل قدمی دانش میں اضافے اور آدمی کو متحرک رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ڈائون سنڈرم کے لوگوں کے ساتھ ہماری اسٹڈی سے ظاہر ہوتا ہے کہ چہل قدمی لوگوں کو متحرک رکھنے کا راستہ ہے۔ ڈائون سنڈرم سے متاثرہ لوگوں کیلئے یہ اسٹڈی بہت اہمیت رکھتی ہے خاص طور پر چہل قدمی کی مفت کی سرگرمی جس میں بہت سے لوگ مصروف ہوتے ہیں۔ دانش میں اضافے سے متاثرہ میل جول میں اضافہ ہوتا ہے اور صحت پر اس کے بہتر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اسٹڈی رپورٹ تیارکرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ ڈائون سنڈرم کے لوگ عام طور پر جسمانی تجویز کردہ سرگرمی پوری نہیں کرتے جن لوگوں پر یہ تجربہ کیا گیا ان میں 10 ممالک سے تعلق رکھنے والے 43مرد اور 40خواتین شامل تھیں۔ ایک دوسرے ٹیسٹ میں لوگوں کی درست فیصلہ کرنے کی رفتار میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ ان نتائج سے یہ ظاہر ہوتا ہےکہ ہر دماغ تبدیلی قبول کرتا ہے۔ یہ ریسرچ رپورٹ انٹرنیشنل انوائرمنٹ ریسرچ جرنل میں شائع کی گئی ہے۔