ٹک ٹاک بناتے ہوئے 2 افراد کو کچلنے والے نوجوان کو20 سال قید

December 03, 2023

لندن (پی اے) برسٹل کرائون کورٹ نے ٹک ٹاک بناتے ہوئے58سالہ سعدو حسین اور68سالہ صواد احمد کو کچل کر ہلاک کرنے والے33سالہ نوجوان لیم سلیڈ کو19سال8ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیج دیا۔ یہ حادثہ17جولائی کو برسٹل کے نزدیک ایم4 کے 21اور 22ویں چوراہے پر پیش آیا تھا۔ ملزم نے جرم کا اعتراف کرلیا تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ متعدد افراد نے نملزم کو تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے اور فلم بناتے ہوئے آگے جانے والی گاڑیوں کو خطرناک انداز میں اوورٹیک کرتے ہوئے دیکھا تھا۔ حادثے کے وقت اس کی گاری کی رفتار160کلو میٹر فی گھنٹہ تھی لیکن کہا جاتا ہے کہ اس کی اصل رفتار191کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔ ملزم نے نااہل ہوتے ہوئے گاڑی چلانے اور2افراد کو کچل کر ہلاک کرنے کا اعتراف کیا۔ توقع ہے کہ ملزم کو اپنی2تہائی سزا جیل میں کاٹنا ہوگی۔ ملزم نے متاثرہ فیملیز سے معافی مانگی ہے جبکہ متاثرہ فیملیز کا کہنا ہے کہ اس حادثے نے ان کی زندگی کا مزہ ختم کردیا ہے، اب انہیں صبح صبح فون کرکے گڈ مارننگ یعنی صبح بخیر کہنے والی کوئی نہیں رہا۔ فاطمہ حدون کا کہنا تھا کہ اس کا غم اس لیے بھی زیادہ گہرا ہے کہ2سل قبل اس کے والد کا طویل علالت کے باعث انتقال ہوچکا ہے۔ جج ولیم ہارٹ نے سزا سناتے ہوئے کہا کہ یہ المیہ انتہائی سنگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کا قابل مذمت کرمنل ریکارڈ ہے اور وہ اس سے قبل بھی مختلف جرائم پر30مرتبہ کا سزا یافتہ ہے۔