غزہ پر عرب ممالک کا رویہ سمجھ سے بالاتر ہے، سینئر صحافیوں کا اظہار خیال

December 03, 2023

کراچی (مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر) ملک کےنامور صحافیوں نے کہا ہے کہ غزہ کے معاملے پر مصر سے لے کر سعودی عرب تک عرب ممالک کا رویہ سمجھ سے بالا تر ہے .

غزہ میں قتل عام کے دوران 61صحافی قتل کئے گئے یہ اس مختصر عرصے میں قتل ہونے والے صحافیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے،34اسلامی ممالک کا اتحاد اسرائیل کے لئے نہیں بلکہ ایران کے اثر کوبڑھنے سے روکنے کے لئے بنایا گیا تھا.

ان خیالات کاا ظہارا نہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں عالمی اردو کانفرنس کے تیسرے روز " غزہ میں قتل عام پر میڈیا کا کردار" کے عنوان سے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،شرکاء گفتگو میں سہیل وڑائچ،اظہر عباس ،مظہر عباس،غازی صلاح الدین،عارف وقار ،سلیم صافی اور وسعت اللہ خان شامل تھے اجلاس کی نظامت ابصا کومل نے کی،معروف صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ عوام کا اچانک اٹھ کھڑا ہونا اور پی ایل او کا غائب ہونا بھی ہضم نہیں ہورہا.

ایک مرتبہ فلسطین میں کچھ ہوا تو پاکستان میں امریکی سفارت خانہ کو آگ لگادی گئی اور پھر ضیاءالحق کی حکومت میں حکومت پاکستان کے پیسوں سے امریکی سفارتخانہ کی عمارت بنانا پڑی تھی ، مظہر عباس نےکہا کہ میڈیا کو کسی نے باہر کے مسائل پر بات کرنے سے نہیں روکا، ہمیں تو بس اپنے مسائل پر بات کرنے سے روکا جاتا ہے.

غزہ کے معاملے پر پاکستانی میڈیا کی سورس زیادہ تر مغربی میڈیا کی خبریں ہیں،کیونہ ہم اپنے نمائندوں کو وہاں بھیجتے نہیں ہیں جیو نیوزنے اپنے نمائندے بھیجے تھے لیکن کتنے میڈیا ہائوسز ہیں جنہوں نے اپنے نمائندوں کو غزہ کوریج کے لئے بھیجا، آج تک کسی جنگ میں بچوں کی اتنی اموات نہیں ہوئیں جتنی غزہ میں ہوئیں .

غزہ کے مسئلے پر حکمرانوں اور عوام کا تعلق اب تک منقطع ہے، ایسا لگتا ہے کہ معاملے پر میڈیا اپنا دباؤ نہیں ڈال پا رہا ، یا تو میڈیا کی طاقت ختم ہوگئی ہے یا پھر اقوام عالم بے حس ہوچکی ہیں سی این این اور بی بی سی اپنی ساکھ کھوچکے ہیں ،ہم سب ڈیجیٹل میڈیا کی دوڑ میں جاچکے ہیں جہاں فیک نیوز ،فیکٹ نیوز پر حاوی ہے.

غازی صلاحال الدین نے کہا ہےکہ غزہ کے مسئلہ پر پاکستانی میڈیا ایسا کچھ نہیں کرسکتا ہے اگر کسی ملک کا میڈیا اسرائیل کی پالیسیوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے تو وہ امریکہ ہے،پہلی بات امریکی میڈیا نے فلسطینیوں کے مقاصد پر بات کرنا شروع کی ہے۔امریکی میڈیا میں اسرائیل کے بارے میں ایک پیراڈائم شفٹ شروع ہوگیا ہے۔