فلسطین کے دو ریاستی فارمولے کو مسترد کرتے ہیں‘ ایم ڈبلیو ایم

December 03, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ فلسطین کے دو ریاستی فارمولے کو مسترد کرتے ہیں۔ فلسطین دو نہیں ایک ریاست ہے ،حکومت پاکستان ملک میں اسرائیلی اشیاء کی مارکیٹوں میں فروخت پر پابندی عائد کرے ۔آج ہماری جماعت کے زیراہتمام ورکر کنونشن میں عام انتخابات کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر آصف رضا ، علامہ شیخ جعفر ولایت ، ملک اسد عباس نقوی ، علامہ ہاشم موسوی ، جماعت اہلحدیث کے سید عتیق الرحمٰن سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی ختم ہونے پر گزشتہ روز 200 سے زائد لوگوں کو شہید کرنا ناجائز ریاست اسرائیل کا وحشیانہ اقدام ہے ،ہزاروں کی تعداد میں شہادتوں کے باوجود فلسطینیوں کے حوصلے بلند ہیں،حماس نے اسلام کے زرین اصولوں پر عمل کرتے ہوئے قیدیوں کے ساتھ بہتر حسن سلوک کیا جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔حماس اور فلسطینی مسلمان فاتح ہوچکے ہیں اسرائیل کو شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ آج 3 دسمبرکے ورکر کنونشن میں انتخابات کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔