خوش قسمتی سے میری فریکوینسی عوام سے مل گئی، مستنصر حسین تارڑ

December 04, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سولہویں عالمی اردو کانفرنس میں معروف ادیب، اداکار ومتعدد سفر ناموں کے مصنف مستنصر حسین تارڑ سے ملاقات“ کے عنوان سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مستنصر حسین تارڑ نے کہاکہ میری بہت سی فریکوینسیز ہیں ، خوش قسمتی سے میری فریکوینسی عوام سے مل گئی ہے، تخلیق کار باصلاحیت ہونے کے ساتھ خوش نصیب بھی ہو تو اسے مداح مل ہی جاتے ہیں، کتابوں سے میرا ناجائز رشتہ ہے، میں ایک حادثاتی ادیب اور میڈیا پرسن ہوں، مجھے تو صرف آوارہ گردی اور کتب بینی سے شغف تھا، میری کتاب روس میں بطور نصاب پڑھائی جاتی ہے ، میں وہاں لیکچر بھی دیتا رہا ہوں ، مجھے جو بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے متاثر کر لے وہ میرا مرشد بن جاتا ہے ، میں امراؤ جان سے بھی متاثر ہوں اور وہ میری مرشد ہے، اجلاس میں ان کے ہمراہ ناصر عباس نیر اور اسامہ صدیق بھی شریک گفتگو تھے، اداکاری میں وارد ہونے کا واقعہ بیان کرتے ہوئے مستنصر حسین تارڑ نے بتایا کہ میرا تعلق کاشت کار گھرانے سے ہے جہاں اداکاری کو میراثیوں کا کام سمجھا جاتا تھا۔