حب میں معروف فوڈ انڈسٹری کو قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ

December 06, 2023

کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایت پر بی ایف اے انسپکشن ٹیموں کی حب میں قائم فوڈ انڈسٹریز کی چیکنگ ، معروف فوڈ انڈسٹری پر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ اشیاء کی تیاری و سپلائی پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔ مذکورہ فوڈ انڈسٹری (پروڈکشن پلانٹ)کا فوڈ بزنس لائسنس بھی موجود نہیں تھا جس پر مالکان و انتظامیہ کو فوڈ فیکٹری میں تیار ہونے والی تمام اشیاء کی بی ایف اے سے رجسٹریشن اور فروخت کیلئے لازمی فوڈ بزنس لائسنس حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔فوڈ اتھارٹی حکام نے ذمہ داران کو تنبیہ کی کہ مستقبل میں خلاف ورزی پر فوڈ فیکٹری کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں بی ایف اے انسپکشن ٹیم لیڈرز ڈپٹی ڈائریکٹرز نے منیجنگ ڈائریکٹر لیڈا فرید محمد حسنی سے بھی ملاقات کی ، ایم ڈی لیڈا نے بی ایف اے کی صوبہ بھر میں کارروائیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اپنے ادارے کی جانب سے بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ مزید برآں نذر چورنگی حب میں ملک شاپس سمیت متفرق خوراک کے مراکز کی چیکنگ کے دوران 6 چائے کے ہوٹلوں اور ایک پکوڑا شاپ پر بھی جرمانے عائد کئے گئے ۔ بی ایف اے جدید موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعہ ہوٹلوں سے دودھ کے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے گئے ، جرمانہ کئے گئے ہوٹلوں کے دودھ میں پانی کی وافر مقدار کی ملاوٹ پائی گئی جبکہ پکوڑا شاپ مالک کو صفائی کی خراب صورتحال و اشیاء تلنے کیلئے خراب استعمال شدہ کوکنگ آئل کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔