لاکھوں کی چوریاں،شہری نقدی ،زیورات سے محروم ،موبائل فون چھین لئے گئے

December 06, 2023

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 17موٹرسائیکلوں ،موبائل فونز اور نقدی سے محروم ہوگئے ،8افراد سے جھپٹا مار کر موبائل چھین لئے گئے۔وفاقی دارالحکومت میں بھی 36مقدمات میں لاکھوں روپے کی نقدی ، زیورات ، موبائل فونز ،دو کاریں ،12 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے۔ تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے جی نائن فور میں موٹر سائیکل پر سواردو مسلح لڑکے سید ارشد سے پونے دو لاکھ روپے مالیت کےتین موبائل فون کے علاوہ دیگر قیمتی اشیا ء چھین کر لے گئے اور مزاحمت پر گولیاں بھی چلائیں ۔تھانہ ہمک کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں عدنان یاسر کے گھر کے تالے ٹوٹ گئے اور نا معلوم چور 20 تولے سونے کے زیورات دو لاکھ روپے ، دو لیپ ٹاپ اور قیمتی گھڑیاں چوری کر کے چلتے بنے ۔اسی تھانے کے علاقے میں توقیر حسین جنجوعہ کے آفس سے 42 لاکھ روپے چوری کر لئے گئے ۔تھانہ بنی کے علاقہ میں تین ملزمان اسلحہ کی نوک پر خرم اسلم سے11لاکھ روپے،تھانہ نصیرآبادکے علاقہ سہام میں تین لڑکے اسلحہ کی نوک پر محمد بلال سے موٹرسائیکل ، موبائل اور5ہزار روپے،تھانہ دھمیال کے علاقہ میں 2موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر جنید رفیق کا موٹرسائیکل، غالب حسین سے 60ہزار روپے، موبائل ،شناختی کارڈاور سروس کارڈ جبکہ محمد شہباز سے موبائل چھین کر فرارہوگئے۔ تھانہ چونترہ کے علاقہ جھنگی دائم کچا راستہ کے قریب تین ملزمان کمال حسین کو زدو کوب کرکے اس کا موبائل فون چھین کرلے گئے۔