بشیر رٹوی سے والدہ کی وفات پر چوہدری عظیم کی تعزیت

February 23, 2024

وٹفورڈ( نمائندہ جنگ) کشمیر ی رہنما اور کشمیر رابطہ کمیٹی کے سابق صدر چوہدری محمد عظیم نے مسلم کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ چوہدری محمد بشیر رٹوی سے مانچسٹر میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔دونوں شخصیات نے ملاقات میں اوور سیز پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی اور پاکستان کی تعمیر وترقی کیلئے خیر خواہی کے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کا قیام ہمارے آباؤ اجداد کی دی ہوئی قربانیوں کا صلہ ہے، ہمیں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے نظریہ اتحاد، اتفاق اور نظم وضبط کے جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں عدل و انصاف کی بالا دستی ، معیشت کی بحالی ، غربت کے خاتمےکیلئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ رہنمائوں نے امید کی کہ پاکستان کے حالیہ ہونے والے انتخابات سے ملک میں اچھی طرز حکمرانی قائم ہو گی اور امید کی کہ پاکستان میں آنے والی نو منتخب حکومت مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اسے اپنی خارجہ پالیسی میں سر فہرست رکھے گی ۔ملاقات میں بشیر رٹوی کی والدہ کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔واضح رہے کہ مرحومہ کی عمر 100سال سے زائد تھی اور انہوں نے قیام پاکستان کا منظر بھی دیکھا تھا ۔