مریضوں کواچھا ماحول دینے کیلئے ٹیم ورک ناگزیر ہے، الفرید ظفر

February 25, 2024

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ کسی بھی ہسپتال کا نظام احسن طریقے سے چلانے،مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ خوشگوار ماحول مہیا کرنے کے لئے ٹیم ورک اور مربوط کوششیں ناگزیر ہیں جس کے لئے انتظامی ڈاکٹرز سے لے کر ایک عام میڈیکل ورکر تک کو فرض شناسی، ایماندار ی اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوتی ہیں تب کہیں جا کر میڈیکل پروفیشن کے معیار پر پورا اترتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن لاہور جنرل ہسپتال /پنز کے زیر اہتمام سرکاری ملازمت سے ریٹائرہونے والے 12ملازمین کے اعزا زمیں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ صوبائی صدر ایسوسی ایشن رانا پرویز و دیگر عہدیداروں نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر ای ڈی پنز پروفیسر آصف بشیر،ایم ایس ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل، نرسنگ آفیسر رضیہ شمیم، شازیہ کوثر اور صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حسیب تھنڈ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کی طرف سے ریٹائر ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کر نا نہ صرف اُن کی عزت افزائی ہے بلکہ ایک خوبصورت روائت کا تسلسل بھی ہے جسے آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔