شاہ لطیف ٹاؤن میں ذاتی دشمنی پر فائرنگ، 3 افراد قتل

March 01, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شاہ لطیف ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک ہوئے،تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدود صالح محمد گوٹھ کچہ باغ میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے،واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے انکی موت کی تصدیق کردی، اسپتال میں لاشوں کی شناخت لڈو اور دلاور کے ناموں سے کی ہے مقتول لاشاری گوٹھ کے رہائشی تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جاسکیں گے۔شاہ لطیف ٹائون میں فائرنگ کے ایک دوسرے واقعے میں گھر کے باہر بیٹھا ہوا نوجوان حبیب اللہ شدید زخمی ہوگیا ،اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی نوجوان کو قریبی اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔مقتول کے چچا نے بتایا ہے کہ منشیات فروشوں کی جانب قتل کی دھمکی دی جارہی تھی ،پولیس کا کہنا ہے کہ حبیب پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تعداد 3 تھی جو ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے۔