• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو یونیورسٹی میں لاقانونیت، اساتذہ و سول سوسائٹی کا صدر سے نوٹس کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس کی انجمن اساتذہ (عبدالحق کیمپس) کے زیر اہتمام جامعہ میں جاری مبینہ لاقانونیت، اساتذہ کی برطرفیوں، ہاؤس سیلنگ اور میڈیکل الاؤنس کی بندش ، بلا جواز کٹوتیوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے جامعہ انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور صدرِ پاکستان و چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ یونیورسٹی میں فوری طور پر تعلیمی ایمرجنسی نافذ کر کے وائس چانسلر کے غیر قانونی اقدامات کا کڑا احتساب کریں۔ انجمن اساتذہ کے احتجاجی اجلاس اور مظاہرے میں نامور ماہرینِ تعلیم، سینئر صحافیوں اور دانشوروں نے بھی شرکت کر کے اساتذہ سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس موقع پر ممتاز ماہرِ تعلیم و محقق پروفیسر ڈاکٹر سید جعفر احمد، سینئر صحافی و مدیر محمود شام، پروفیسر ڈاکٹر انیس زیدی اور ترقی پسند مصنفین کے رہنما پروفیسر شاہد کمال نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے اردو یونیورسٹی کے بحران کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی نوجوانوں کی مثبت تعلیم و تربیت کا اہم ادارہ ہے اور تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرنا حکمرانوں کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ ​مظاہرے کی قیادت انجمن اساتذہ کے صدر ڈاکٹر روشن سومرو، نائب صدر ڈاکٹر اصغر دشتی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید اقبال حسین نقوی، نائب جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عرفان عزیز اور خازن خرم شاہ نواز نے کی۔ احتجاج میں عبدالحق کیمپس کے اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنے مطالبات کے حق میں آواز بلند کی۔
ملک بھر سے سے مزید