شہری 24 موٹر سائیکلوں سے محروم، متعدد افراد سے موبائل فون، نقدی چھین لی گئی

March 01, 2024

راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 14موٹرسائیکلوں ایک رکشے ،موبائل فونز ،نقدی اور دیگر اشیاء سے محروم ہوگئے ،7افراد سے جھپٹا مار کر موبائل چھین لئے گئے۔وفاقی دارالحکومت میں بھی شہریوں کو لاکھوں کی نقدی زیورات ، 8 قیمتی موبائل فونز، 10 موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا گیا۔ تھانہ رتہ امرال کے علاقہ ذبح خانہ روڈ پر 2موٹرسائیکل سوار محمد ناصر سے اسلحہ کی نوک پر ڈیڑھ لاکھ روپے ، تھانہ پیرودھائی کے علاقہ خیابان سرسید میں 3نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر حضرت بلال سے موٹر سائیکل ، موبائل فون اور 6ہزار روپےچھین کر فرار ہوگئے۔تھانہ بنی کے علاقہ سراجیہ مسجد کے سامنے کباڑ خانے والی گلی میں 3موٹرسائیکل سواروں نے محمد طیب سے گن پوائنٹ پر موبائل چھیننے کی کوشش کی اورمزاحمت کرنے پر اسے فائر مار کرزخمی کر دیا۔ تھانہ چونترہ کے علاقہ چہان بازار میں محمد قدیس نجم کی دکان سے تین مسلح لڑکے اڑھائی لاکھ روپے ، 30موبائل فون چھین کر فرارہوگئے ۔نیو لالہ زار میں مہ جبین مجید کے گھر سے ایک لاکھ روپے ،سونا مالیتی 12 لاکھ روپے اور پرائز بانڈ زمالیتی ساڑھے تین لاکھ روپے ،قریشی آباد گرجامیں محمد عدنان خان کے گھر کے تالے توڑ کر پانچ لاکھ روپے اور طلائی زیورات اور فیز8میں محمد منیر کے گھرسے28 تو لے طلائی زیورات، 3 لاکھ روپے اور پرائز بانڈ ز مالیتی 7 لاکھ روپے چوری کرلئے گئے ۔کیپٹل پولیس نے ساڑھے 7 کروڑ روپے کے فراڈ اور 2کروڑ37 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کے چیک ڈس آنر کے مقدمات بھی درج کر لئے۔ تھانہ شالیمار کو سجاد علی نے بتایا کہ 17لاکھ روپے چوری ہو گئے۔تھانہ شمس کالونی کو محمد عمیر نے بتایا کہ موبائل فون اور 30000 روپے ،تھانہ نون کو رمیز راجہ نے بتایا کہ موبائل فون اور3500روپے چھین لئے گئے۔