قلندرز کیلئے ہر میچ بقا کی جنگ، آج زلمی سے مقابلہ، قسمت جگانے کیلئے فتح لازمی

March 02, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کیلئے سپر لیگ کے بقیہ میچز بقا کی جنگ بن گئے۔ فینز فیورٹ ٹیم نے 6 میچ کھیل کر کوئی کامیابی حاصل نہیں کی۔ دو بار ٹائٹل جیتنے والی فیورٹ ٹیم کو پلے آف مرحلے تک پہنچنے کیلئے بقا کی جنگ لڑنا پڑے گی۔ قلندرز کو اگلے چیلنج کے طور پر ہفتے کو پشاور زلمی سے سامنا ہے، ایونٹ میں پیشقدمی اور سوئی ہوئی قسمت جگانے کیلئے اسے ہر صورت میں ناصرف یہ بلکہ باقی تین میچز بھی جیتنا ہوں گے۔ تاہم پلے آف تک کا سفر پھر بھی آسان نہیں ہوگا۔ کیونکہ انہیں اس کیلئے دوسری ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔ البتہ انہیں درست کمبی نیشن کی تلاش ہے۔ ٹاپ آرڈر بیٹنگ خاص طور پر فخر زمان کا بیٹ بالکل خاموش ہے جبکہ بولنگ یونٹ بھی ماضی جیسی کارکردگی نہیں دکھا پارہا۔ اسپنر راشد خان کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔ خود کپتان شاہین آفریدی کی فارم بھی مثالی نہیں ہے۔ حارث رؤف صرف ایک میچ میں ہی اچھی بولنگ کرسکے ہیں۔ قلندرز کے لیے وقت بہت اہم ہے اگر وہ زلمی کے خلاف اپنے آنے والے میچ میں جیت حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں ختم ہونے کے خطرے کا سامنا ہے اس میچ کا نتیجہ ٹورنامنٹ میں ان کی قسمت کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ پی ایس ایل نو میں جمعے کو آرام کا دن تھا، کراچی میں جمعے کو بارش کی وجہ سے ٹیموں نے پریکٹس نہیں کی۔ ہفتے سے میچز پنڈی میں شروع ہوں گے، لیکن دونوں میچز بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوپہر میں پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور قلندرز اور شام میں اسلام آباد اور کوئٹہ سے شیڈول ہے۔راولپنڈی اسلام آباد میں ہفتے کو بھی دن بھر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور ڈبل ہیڈر کیلئے ایک ہی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ اگر دونوں میچز نہ ہوئے تو فینز کو مکمل ٹکٹ ری فنڈ ہوگا اور اگر ایک بھی میچ ہوگیا تو ری فنڈ نہیں ملے گا۔اس کے علاوہ بارش کی وجہ سے جمعہ کو ٹیموں کا پریکٹس سیشن بھی نہ ہوسکا۔ اب تک کھیلے جانے والے میچز میں ملتان سلطانز کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے۔ 8 پوائنٹس کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم دوسرے جبکہ 6 پوائنٹس کیساتھ پشاور زلمی تیسری پوزیشن پر ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز 4،4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی تاہم اس لیے قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر ہیں۔ کراچی میں اتوار کو میچ ہوگا۔