غزہ میں نسل کشی، کولمبیا نے اسرائیل سے ہتھیار لینا بند کردیئے

March 02, 2024

بگوٹا ( نیوز ڈیسک)کولمبیا نے غزہ میں امدادی سامان کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے صیہونی ریاست سے ہتھیاروں کی خریداری روک دی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے امدادی اشیا کے لیے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کا ذمہ دار اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو قرار دیتے ہوئے احتجاجاً اسرائیل سے اسلحے کی خریداری کو معطل کرنے کا اعلان کردیا۔کولمبیا کے صدر گستا پیٹرو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ خوراک لینے کے لیے پہنچنے والے 100 سے زائد فلسطینیوں پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے گولیاں چلوائیں جو نسل کشی ہے۔صدر گستاو پیٹرو نے مزید کہا کہ چاہے عالمی طاقتیں تسلیم کریں یا نہ کریں، اسرائیلی مظالم سے ہولوکاسٹ کی یاد تازہ ہوگئی۔ عالمی برادی کو چاہیے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے تعلقات منقطع کردیں۔یاد رہے کہ کولمبیا نے غزہ پر بمباری اور حملوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے احتجاجاً اسرائیل سے اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا تھا۔