بچوں کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بناکر ڈکیتی،شہری 28موٹرسائیکلوں سے بھی محروم

April 20, 2024

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں سرقہ کی 77 واداتوں میں ایک کار اور 24 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے، چار موٹر سائیکل اور 14 موبائل فون چھین لئے گئے ، پولیس نے کروڑوں روپے کے فراڈ اور چیک ڈس آنر کے مقدمات بھی درج کر لئے ۔تھانہ نیوٹاؤن پولیس نے فیصل نذیر کی رپورٹ پر 77 لاکھ روپے چھیننے کا مقدمہ درج کر لیا ۔تھانہ دھمیال کے علاقے بندہ نگیال میں مسلح شخص اللہ دتہ کے بچوں کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر 60 ہزار روپے اور 70 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون، تھانہ ترنول کے علاقے میں مسلح شخص نے محمد اسامہ سے موٹر سائیکل ، تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے ترلائی میں مسلح شخص نے محمد رضوان سے 7 لاکھ روپے لوٹ لئے۔ تھانہ صادق آباد کے علاقےپیر مظہر کالونی میں ذکا اللہ کے گھر سے دو لاکھ روپے مالیت کے زیورات ،جہاز گراؤنڈ سے جمیل احمد کے گھر سے تین لاکھ روپے کے مالیت کے زیورات ، تھانہ ائرپورٹ کے علاقے فضل ٹاؤن میں ثانیہ نثار کے گھر سے 7 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، گلریز میں محمد شریف کے گھر سے ڈھائی لاکھ سے زائد مالیت کے زیو رات ، تھانہ صدر بیرونی کے علاقے اڈیالہ روڈ پر محمد چوہان کے گھر سے لیپ ٹاپ ،سوا لاکھ روپے مالیت کی چار گھڑیاں ایک لاکھ 10 ہزار روپے کے بانڈ ، تھانہ روات کے علاقے میں فیز ایٹ میں سید علی رضا کے گھر سے پانچ تولے سونا ایل سی ڈی استریاں یو پی ایس بیٹری، فیز سیون میں محمد اویس کے گھر سے تین تولے سونے کے زیورات اور 12 ہزار روپے ،چکری روڈ پر صابر حسین شاہ کی شاپ سے ساڑھے5 لاکھ روپے مالیت کا کاپر وپیتل اور نقدی چوری کر لی گئی۔