بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں‘ علی حسن زہری

April 22, 2024

کوئٹہ (پ ر)وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے صنعت و تجارت علی حسن زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان نہ صرف اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہاں بین الاقوامی اور قومی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع و پرکشش مواقع بھی موجود ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے بلوچستان پہلی ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بیش بہا قدرتی خزانوں سے مالا مال ہے اور یہاں دنیا میں پائی جانے والی تمام معدنیات پائی جاتی ہیں۔صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا قومی پیداوار میں اضافے اور روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے ،بلوچستان میں صنعت کے شعبے کوترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے روشن امکانات ہیں۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی بلوچستان کو دوسرے صوبوں کے برابر لانے کے وژن پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اور صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں تیز رفتار ترقی صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انڈسٹریز میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اور ہماری کوشش ہو گی کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں انڈسٹریز کے قیام کے لئے راغب کرنا اور تجارت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا ۔ اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بھی پرکشش مواقع موجود ہیں جس سے نہ صرف اس شعبہ سے متعلقہ لوگوں کا فائدہ ہو گا بلکہ پاکستان اور بلوچستان کو بھی ایک کثیر زرمبادلہ حاصل ہو گا۔