نہتے فلسطینی اُمہ کی طرف دیکھتے دیکھتے مایوس ہوگئے‘ ایرانی صدر

April 23, 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ امریکہ‘ برطانیہ اور دوسرے متعدد یورپی ملک فلسطینیوں کی نسل کشی کیلئے اسرائیل کو اربوں ڈالرز کے ہتھیار اور دیگر سازو سامان مہیا کر رہے ہیں۔

غزہ کے نہتے فلسطینی اسلامی اُمہ کی طرف دیکھتے دیکھتے مایوس ہو گئے ہیں۔

یہودو نصاریٰ کی اتحادی قوت کا مقابلہ اکیلا ملک نہیں کر سکتا‘ ’’اتحاد بین المسلمین‘‘ فلسفے کو اپنانا ہو گا اُن کا مسلم اُمہ کیلئے پیغام ہے ’’اتحاد بین المسلمین‘‘ اس پیغام سے پیر کو وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے بھی اتفاق کیا ہےشام میں اپنے قونصل خانے پر حملے کا جواب دیدیا ۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی طرف سے دیئے گئے عشایئے میں شرکت کے بعد ایوان سہروردی پر واقع فائیو سٹار ہوٹل میں کم و بیش ایک ہزار بزنس مینوں‘ دانشوروں‘ علمائے کرام اور ہر شعبہ زندگی کے نمایاں افراد سے خطاب کر رہے تھے۔ اُن کا فی البدیہ خطاب ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا جس کے دوران ہال فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل و امریکہ کی مخالفت کے نعروں سے گونجتا رہا۔