جاوید لطیف کے الزامات درست نہیں، ثبوت دیں، رانا ثنا اللّٰہ

April 23, 2024

کراچی ( نیوز ڈیسک) ن لیگ کے رہنما راناثنا اللہ نے اپنی ہی جماعت کے ایک رہنما ؤں جاوید لطیف اور عرفان صدیقی کے بیانات مسترد کرتے ہوئے جاوید لطیف کے الزامات کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ الزامات درست نہیں ہیں، اگر درست ہیں تو ثبوت دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو کے پروگرام ’’ آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرا م میں اظہار خیال کرتے ہوئے معروف صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے جنرل باجوہ کے ساتھ اپنی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ باجوہ نے اپنی ماں کی قسم کھائی ہے کہ نوازشریف کو باہر بھجوانے میں یا عمران خان کی حکومت گرانے میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔ عاصمہ شیرازی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنی قیادت کو ریلیف دلانا چاہتی ہے لیکن اسٹیبلشمنٹ ابھی بات نہیں کر رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب سے یہ تاثر ختم ہوگیا ہے کہ عمران خان کھمبے کو ٹکٹ دیں تو وہ بھی جیت جائے گا۔ پروگرام میں معاشی ماہر سہیل خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معیشت میں استحکام کے اشارے مل رہے ہیں۔ سابق سفارتکار ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاک ایران تعلقات کو جو نقصان پہنچا اسے ختم کرنے کیلئے ایرانی صدر کا دورہ اہم ہے، ایران کے ساتھ تعلقات ٹھیک کرنا پاکستان کی اسٹریٹجک مجبوری ہے، پاکستان کو انڈیا اور افغانستان کی سرحدوں پر کشیدگی کا سامنا ہے، ایران کے ساتھ تجارت پر امریکا کی کوئی پابندی نہیں ہے، ایران سعودی عرب کے تعلقات بہتر ہونے سے پاکستان کیلئے سفارتی اور معاشی اسپیس کھل گئی ہے۔