بجلی چوری روک تھام، بقایا جات ریکوری، کنڈا مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

May 23, 2024

پشاور ( وقائع نگار )صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں انتظامی افسران، سپرانٹنڈنگ انجینئر پشاور سرکل، سپرانٹنڈنگ انجینئر خیبر سرکل،ایکسیئن سٹی اربن، کینٹ رورل، خیبر، سٹی رورل سمیت سب ڈویژن ایس ڈی اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بجلی چوری کی روک تھام، بقایاجات کی ریکوری اور کنڈا مافیا کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نے واپڈا حکام پر واضح کیا کہ بجلی چوری کی روک تھام اور بقایاجات کی ریکوری کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ پشاور واپڈا حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ اجلاس میں فیصلے کیے گئے کہ پشاور بھر میں بجلی چوری کی روک تھام، بقایاجات کی ریکوری اور کنڈا مافیا کے خلاف آپریشن کا آج سے آغاز کیا جائے گا۔ انتظامی افسران کی نگرانی میں متعلقہ ایس ڈی او اور واپڈا حکام اپنے علاقوں میں کنڈا مافیا کے خلاف کارروائی کریں گے اور بقایاجات کی ریکوری کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور بقایات کی ریکوری اور کنڈا مافیا کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا اور کنڈا مافیا کے خلاف موقع پر ایف آئی آر درج کی جائے گی اور ان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔