ڈبلیو ایس ایس پی ملازمین کو انکریمنٹ بقایاجات کی ادائیگی کردی گئی

June 14, 2024

پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) مینجمنٹ کی کوششوں سے ملازمین کو انکریمنٹ بقایاجات ادا کر دی گئی، ویدر الاؤنس اور اوور ٹائم کی رقم بھی آج ادا کر دی جائے گی۔ یاد رہے کہ پچھلے ہفتے حکومت نے ملازمین کو بقایاجات کی ادائیگی کے لئے ڈبلیو ایس ایس پی کو فنڈ جاری کیا تھا۔ ڈبلیو ایس ایس پی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ٹی ایم اے ملازمین کو انکریمنٹ کی مد میں پچھلے سال جولائی کی بقایاجات اور کمپنی کیڈر ملازمین کو جولائی تا اکتوبر چار مہینوں کی بقایاجات کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے فنڈ کے اجراء کے بعد ڈبلیو ایس ایس پی نے ملازمین کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا۔ مجموعی طور ٹی ایم اے اور کمپنی کیڈر ملازمین کو62 ملین روپے سے زائد ادائیگی کر دی گئی ہے، ویدر الاؤنس اور اوور ٹائم کی مد میں تقریباً 50ملین روپے آج ملازمین کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کئے جائیں گے۔