مچھر مار ادویات ٹینڈر کیس،سرٹیفکیٹ شرط پر متعلقہ حکام سے جواب طلب

June 15, 2024

پشاور(نیوز رپورٹر ) پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ملیریا اور ڈینگی کے تدارک کےلئے مچھر مار ادویات کی فراہمی سے متعلق ٹینڈر میں ڈبلیو ایچ او کی منظور شدہ لیبارٹری سے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کی شرط رکھنے کے خلاف دائر رٹ پیٹشن پر متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا جبکہ رٹ میں وفاقی حکومت کو فریق بنانے کی درخواست منظور کرلی۔ دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو ایڈگرو لمیٹیڈ کی جانب سے علی گوہر درانی عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کوبتایا کہ محکمہ صحت خیبر پختون خوا نے ڈینگی اور ملیریا کے لئے مچھر مار ادویات خریدنے کےلئے ٹینڈر جاری کیا ہے جس میں ایک شق شامل کی گئی ہے جس کے تخت ٹینڈر میں حصہ لینے کےلئے ان کمپنیوں کو شامل کرنے کی اجازت دی جائے گی جو ڈبلیو ایچ او سے منظور شدہ ہو انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ٹنیڈر میں اس شق کو شامل کرنا بد دیانتی پر مبنی ہے کیونکہ اس شق کو شامل کرنے کا مقصد ایک خاص نجی کمپنی کو فائدہ دینا ہے اور گزشتہ پانچ سالوں سے یہ ادویات اسی کمپنی سے خریدی جا رہی ہے جس سے ملک کے خزانہ کو لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا ہے اور سب ملی بھگت کے تحت ہو رہا ہے انہوں نے عدالت کوبتایا کہ ہم نے ٹینڈر میں اس شق کو شامل کرنے کو چیلنج کیا ہے کیونکہ یہ اقدام درست نہیں کیونکہ اس شق کی وجہ سے بہت سے کمپنیاں ٹینڈر میں حصہ لینے سے باہر ہو جاتی ہے انہوں عدالت کوبتایا کہ صوبہ پنجاب میں اس کے خلاف محکمہ انٹی کرپشن تحقیقات کررہے ہیں جبکہ سندھ میں بھی ایسی کوئی شق شامل نہیں انہوں نے عدالت کوبتایا کہ وہ اپنے کمپنی کے پراڈکٹس کا کسی بھی ملک میں ٹیسٹ کرنے کےلئے تیار ہیں اور اگر انکی کمپنی کے ادویات بین الاقوامی معیار کے نہ ہوئے پھر ہمیں اس ٹینڈر سے باہر کریں انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ انکی کمپنی کو اس ٹینڈر میں شامل کرنے کی اجازت دی جائے عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر متعلقہ حکام کو نوؔٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا جبکہ درخواست گزار کی جانب رٹ میں وفاقی حکومت کو فریق بنانے کی درخواست منظور کرلی۔