پشاور میں 68یرقانونی مویشی منڈیاں بند کردی گئیں،3 افراد گرفتار

June 15, 2024

پشاور ( وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاور میں صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں انتظامی افسران نے متعلقہ ٹی ایم اے حکام کے ہمراہ پشاور کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 68 غیر قانونی مویشی منڈیوں کو بند کردیاگیا غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کرنے پر 31 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انتظامی افسران نے جی ٹی روڈ، چارسدہ روڈ اور کوہاٹ روڈپر ٹرانسپورٹ اڈوں کا معائنہ کیا اور مقرر شدہ سرکاری کرایوں کی وصولی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا۔مقرر شدہ کرایہ سے زائد وصول کرنے پر بیشتر ٹرانسپورٹرز کو موقع پر جرمانہ کیا گیا۔ انتظامی افسران نے موٹر وے پشاور انٹرچینج، جی ٹی روڈ اور دیگر علاقوں میں بھی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا معائنہ کرتے ہوئے مقرر شدہ سرکاری کرایوں کی وصولی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق عید کے ایام میں شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور عید کے ایام میں ضلعی انتظامیہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور انتظامی افسران پشاور بھر میں قربانی کے جانوروں کی باقیات و آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کی کارروائیوں کی نگرانی کریں گے اور ٹرانسپورٹ اڈوں کا بھی مسلسل معائنہ کیا جائے گا تاکہ عوام کو سہولیات میسر ہو سکیں۔