سابقہ آل فاٹا ہیلتھ ملازمین کا مطالبات کے حق میں اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

May 23, 2024

پشاور (وقائع نگار )سابقہ آل فاٹا ہیلتھ ملازمین نے تنخواہوں کی بندش اور انکی ایس این ای کو حتمی شکل نہ دینے کے خلاف صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرے میں کثیر تعداد میں ملازمین نے شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری اور محکمہ صحت کے خلاف نعرے درج تھے مظاہرے کی قیادت آل سابقہ فاٹا ہیلتھ ملازمین کے صدر سید جواد شاہ، جنرل سیکرٹری نادر خان، ایڈیشنل سیکرٹری عزیز الرحمن، نائب صدر طاہر محسود، پریس سیکرٹری وقار اور دیگر عہدیدار کررہے تھے۔ اس موقع پرمظاہرین کا کہنا تھا کہ سابقہ فاٹا کے 1700 کے قریب ہیلتھ ملازمین گزشتہ دو سالوں سے تنخواہوں سے محروم ہیں ہیلتھ کے یہ ملازمین گزشتہ 20 اور 22 سالوں سے ملازمت کر رہے ہیں اور اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں لیکن صوبائی حکومت نے ابھی تک ہمارے تنخواہیں ریلیز نہیں کی جس کے باعث اکثر ملازمین کے گھروں میں فاقے شروع ہو گئے ۔مظاہرین نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہوں اور ایس این ای کا مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔