ڈیڑھ کروڑ کی چوریاں، ڈاکے، نقدی، زیورات، 2 گاڑیاں، 19 موٹرسائیکل اڑالئے گئے

May 25, 2024

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد میں پانچ درجن سے زائد وارداتوں میں نقدی ، طلائی زیورات ، موبائل فونز، دو کاروں ،ایک رکشہ اور18موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ۔ تھانہ ریس کورس کے علاقے ڈھوک بنارس میں مریم شبیر ملک کی غیر موجودگی میں سوتیلا والد راجہ شفیق احمد گھر سے 50 لاکھ روپے مالیت کے زیورات،12لاکھ روپے مالیت کے انعامی بانڈ اور موٹر سائیکل جبران اٹھا کر لے گیا۔تھانہ روات کے علاقے فیز ایٹ میں افتخار کے اہل خانہ کی عدم موجودگی میں چور کھڑکی کی گرل کاٹ کر 24 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات ،موبائل ،گھڑی اور دو لاکھ 93 ہزار روپے لے گئے ۔ تھانہ صدر بیرونی کے علاقے گلشن آباد میں ڈکیتی کے دوران مسلح ڈاکو طار ق مسعود کے گھر سے 24 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور مسجد کیلئے رکھے گئے 95 ہزار روپے لوٹ کر لے گئے۔ تھانہ نصیرآبادکو تعظیم کوثر نے بتایا کہ میری موبائل فون شاپ واقع نصیر آباد میں دو مسلح لڑکے موٹر سائیکل پر آئے اورپستول تان کر 45ہزار روپےاور چھ موبائل فون ،تھانہ صدربیرونی کو طارق مسعود نے بتایا کہ گلشنِ آباد میں ایک شخص میرےگھر داخل ہوا اور گن پوائنٹ پر اہلخانہ سے 95ہزار روپے اور دس تولے طلائی زیورات، تھانہ وارث خان کو راجہ محمد ذوالقرنین نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر دو ڈاکو آئے اور گن پوائنٹ پر 92ہزار روپے،تھانہ ائر پورٹ کو محمد احسن رحمٰن نے بتایا کہ دو مسلح موٹر سائیکل سوار 13ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے۔ تھانہ روات کو افتخار نے کہا کہ فیز8 میں میرے گھرسے کھڑکی کی گرل کاٹ کر دو لاکھ 93 ہزارروپے ،20لاکھ روپے مالیتی سونا ،گھڑی ، موبائل فون چوری کرلئے گئے ۔تھانہ آبپارہ کے علاقے جی سکس میں راجہ نذیر جنجوعہ کی گاڑی نمبر LE ICT 575 لال مسجد کے باہر سےچوری ہو گئی ۔