پاکستانی سفارت خانے کی مداخلت، ایتھلیٹ مونا خان رہا

May 26, 2024

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستانی سفارت خانے کی مداخلت، اتھلیٹ/اینکر مونا خان کو یونان کے حکام نے رہا کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مونا خان کی رہائی کی تصدیق کردی۔ مونا خان جیل سے ایتھنز روانہ ہوگئیں، مونا خان کو گرفتاری کے بعد کترینی نامی جگہ پر لاک اپ کیا گیا تھا۔ پاکستان نے گرفتاری کا معاملہ یونانی حکام کے سامنے اٹھاتے ہوئے قونصلر رسائی مانگی تھی۔ گزشتہ روز پاکستانی صحافی مونا خان کو یونان میں حراست میں لیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق انہیں مبینہ طور پر پاکستان کا قومی پرچم لہرانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا، وہ ہائیکنگ کیلئے یونان گئی تھیں ،ایک آڈیو ٹیپ میں انہوں نے بتایا تھا کہ یونان میں تمام ہائیکرز ایک ساتھ جمع ہوئے تھے، جب میں نے پاکستانی پرچم نکالا تو پولیس نے مجھے حراست میں لے لیا، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے مونا خان کی یونان کی جیل سے رہائی کی تصدیق کی اور کہا کہ گذشتہ روزسفارتخانے نے گرفتاری کا معاملہ یونانی حکام کے سامنے اٹھایا اور مونا خان سے جیل میں ملاقات کی ،جس کے بعد مونا خان کو رہاکردیا گیا ،پاکستانی ایتھلیٹ ایتھنز کےلیے روانہ ہوگئی ہیں۔