لاہور میں زیرِ علاج زینب جمیل کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت

May 26, 2024

زینب جمیل—فائل فوٹو

لاہور میں زیرِ علاج سابق اداکارہ زینب جمیل کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت دے دی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے میؤ اسپتال میں زیرِ علاج سابق ماڈل و ادکارہ زینب جمیل سے ملاقات کی، انہوں نے اس موقع پر پولیس حکام کو زینب جمیل کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

زینب جمیل نے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران سے گفتگو میں اپنے ہی شوہر پر قاتلانہ حملے کا الزام عائد کیا ہے۔

انہوں نے پولیس کی تفتیش پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے انہیں ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یاد رہے کہ زینب جمیل کو بدھ کو ان کے بیوٹی سیلون کے باہر 6 گولیاں ماری گئی تھیں۔

قاتلانہ حملے کے بعد سابق اداکارہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ شوہر 2 ماہ سے مجھے دھمکیاں دے رہا تھا۔