ایٹمی طاقت کا حامل پاکستان دشمن کیلئے ناقابل تسخیر ہے‘ نسیم الرحمان

May 28, 2024

کوئٹہ (خ ن)صوبائی مشیر ماحولیات نسیم الرحمان ملاخیل نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے حوالے سے اپنی سیاسی و عسکری قیادت اور اپنے نامور سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 28 مئی 1998 کو پاکستان پانچ ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی اور واحد ایٹمی طاقت بن گیا۔ایٹمی طاقت کا حامل پاکستان اب دشمن کے لئے ناقابل تسخیر ہے۔پاکستان کو ایٹمی طاقت کا حامل بنانے میں ہمارے قائد میاں نواز شریف نے جس جرأت اور دلیری کا مظاہرہ کیا وہ پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ اپنے ملک کی سلامتی تعمیر و ترقی اور دفاع کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن عزیز کے لئے سیکورٹی فورسز کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔