کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتون ایس ایف بلوچستان کے صدر رزاق عاصم نے بلوچستان ایم ڈی کیٹ کے نتائج کے اجراء کے حوالے سے سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزاروں طلبہ کے مستقبل سے وابستہ اس اہم امتحان کے نتائج کے معاملے میں شفافیت، میرٹ اور رازداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں امتحان سے لے کر نتائج کے اعلان تک پورا عمل مکمل طور پر شفاف، غیر جانب دار اور محفوظ ہونا چاہیے۔ سرکاری طور پر نتیجہ جاری ہونے سے قبل کسی تھرڈ پارٹی پلیٹ فارم پر مکمل رزلٹ کی پی ڈی ایف کا مبینہ طور پر دستیاب ہونا ایک سنجیدہ معاملہ ہےجس کی وضاحت ضروری ہے اگر نتیجہ سرکاری اعلان سے قبل کسی بیرونی پلیٹ فارم تک پہنچا تو یہ واضح کیا جائے کہ امتحانی نتائج تک رسائی کس کو حاصل تھی رزلٹ کی فائل کس ذریعے سے باہر پہنچی اور اسے باضابطہ اعلان سے قبل کس اختیار کے تحت شیئر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے نتیجہ وائس چانسلر یا یونیورسٹی کے کسی ذمہ دار کی طرف سے قبل از وقت شیئر کیے جانے کے دعوے بھی سامنے آئے ہیں، تاہم کسی بھی الزام کو تحقیقات کے بغیر حقیقت قرار نہیں دیا جا سکتا اگر یہ دعویٰ درست نہیں تو یونیورسٹی انتظامیہ کو فوری طور پر وضاحت اور تردید کرنی چاہیے، جبکہ اگر معاملے میں کوئی حقیقت موجود ہے تو اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔