جیسن گلیسپی پاکستانی پیسرز کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرجوش، ٹیسٹ ٹیم متوازن قرار دیدی

May 29, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کا چارج سنبھالنے سے قبل ہیڈ کو چ اور سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن گلیسپی مسلسل بیانات دے کر دعوی کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے اب تک پاکستان ٹیم کا جو جائزہ لیا ہےتو اس کے لحاظ سے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کافی حد تک متوازن ہے، بیٹنگ اور بولنگ کے شعبے اچھے ہیں۔لیکن اسپن ڈپارٹمنٹ پر کام کرنے کی ضرورت ہے ، بطور ہیڈکوچ میری کوشش ہوگی کہ یہ شعبہ بھی بہتر ہوجائے، میں پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولرز کے ساتھ کام کرنے کے لیے کافی پرجوش ہوں۔ نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کو اوپر لانا میرا ہدف ہے اور میری کوشش ہو گی کہ پاکستان کو ٹیسٹ کی تین بہترین ٹیموں میں لاؤں اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن میں پاکستان ٹیم نمایاں پوزیشن حاصل کرے۔ پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤآتا رہتا ہے، جب ہم کھیلتے تھے تب بھی پاکستان ٹیم کی صورتحال کچھ ایسی ہی تھی، ایک دن پاکستان اچھا کھیلتا تھا اور ایک دن کارکردگی کا گراف نیچے آجاتا تھا۔ ہم ٹیسٹ کرکٹ میں ایسی کھیلیں کہ لوگ پاکستان کرکٹ کو فالو کریں اور ہماری کامیابی یہی ہوگی کہ ہم اپنی برانڈ آف کرکٹ لے کر آئیں۔ جیسن گلیسپی جولائی میں پاکستان آکر کیمپ لگائیں گے اور اگست میں بنگلہ دیش کی سیریز ان کا پہلا اسائنمنٹ ہے ۔