کراچی( اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے آغاز سے قبل ہی اوزی ڈیولپرز نے پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگی ترین فرنچائز ٹیم سیالکوٹ خرید کر نیا ریکارڈ قائم کردیا،اس گروپ نے سیالکوٹ کی ٹیم 1.85 ارب روپے (6.55 ملین امریکی ڈالر) میں جیتی، جو پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ فرنچائز فیس ہے، دوسری جانب حیدر آباد ٹیم کے مالک فواد سرور نے 1.75 ارب روپے (6.2 ملین امریکی ڈالر) میں خریدی،حیدرآباد کی ٹیم کی فیس موجودہ پی ایس ایل کی دیگر ٹیموں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے، جہاں سب سے زیادہ فیس لاہور قلندرز ادا کرتی ہے جو 670 ملین روپے ہے۔ اس کے مقابلے میں حیدرآباد کی فیس تقریباً تین گنا زیادہ ہے، یعنی لاہور، کراچی اور پشاور کی فیسوں کے مجموعے کے برابر ہے، اگلے سال کم از کم ایک اور ٹیم فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔ پی سی بی اس سیزن کے لیے ملتان سلطانز چلا رہا ہے اور بعد میں اسے فروخت کے لیے پیش کرے گا۔ اس ٹیم کے سابق مالک علی طارین اس نیلامی میں شامل ہونے کے لیے منظور شدہ بولی دہندہ تھے۔