کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ون ڈے ٹیم کےکپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ سرحد پار کے لوگوں کو گراؤنڈ میں جواب دیا جائے، ان میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی کمی ہے ۔ میری گھٹنے کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں ، جلد ٹھیک ہوجائے گی، اگلے ہفتے بولنگ شروع کردوں گا ۔ لاہور میں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹرکے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ عرصے میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، ورلڈکپ سے قبل سری لنکا میں سیریز کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز اس مرتبہ بھی اچھا کھیلےگی اور ٹائٹل جیتےگی، ہمارا مقصد جیت کے ساتھ پاکستان کو کرکٹرز فراہم کرنا ہوتا ہے۔ دریں اثنا ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے پر سابق ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے کہا ہے کہ جس طرح حالات ہیں وہ واقعی افسوسناک ہے۔