عازمین حج کیلئے 12 سال کے تعطل کے بعدشام سے سعودی عرب براہ راست پروازیں بحال

May 29, 2024

دمشق (اے ایف پی) ایک شامی اہلکار نےگزشتہ روز بتایا کہ 12 سال بعدعازمین حج کے لیے شام سے سعودی عرب کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع ہوگئیں۔یہ اقدام دونوں حکومتوں کے درمیان گزشتہ سال سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد لیا گیا ہے۔وزارت ٹرانسپورٹ کے اہلکار سلیمان خلیل نے بتایا کہ ایک پرواز 270 شامی عازمین حج کو لے کر دمشق سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی،آنے والے دنوں میں مزید پروازیں متوقع ہیں۔سلیمان خلیل نے کہا کہ 2012 میں دونوں ممالک کے درمیان تمام مسافر پروازیں روکنے کے بعد یہ پہلی پرواز ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ صرف حج کی مدت پر لاگو ہے،ہم براہ راست فضائی راستے دوبارہ کھولنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ مئی 2023میں شام کے صدر بشار الاسد نے سعودی عرب میں 13سال میں پہلے عرب سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔