کوئٹہ شہر سےچار گاڑیاں چوری ہو گئیں

May 29, 2024

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت سے ایک ہی روز میں دو نجی چینل کی گاڑیوں سمیت چار گاڑیاں چوری ہو گئیں۔ رپورٹ کے مطابق جناح روڈ پر منگل کی صبح نجی ٹی وی چینل کا ڈرائیور دفتر کی گاڑی کو سڑک کے کنارے پرانی چونگی کے قریب کھڑی کرکے دفتر کی جانب گیا۔ چند لمحوں کے بعد نامعلوم نقاب پوش گاڑی لے جانے لگے ڈرائیورنے ان کا تعاقب کیا لیکن چور گاڑی لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دوسری واردات زرغون روڈ نجی ہسپتال کے قریب رونماء ہوئی جب نجی چینل کے بیوروچیف کے بھتیجے نے گاڑی ہسپتال کےقریب کھڑی کی اور ہسپتال کے اندر چلاگیا تھوڑی دیر بعد آکر دیکھا تو گاڑی غائب تھی۔ تیسری گاڑی سرکی روڈ اور چوتھی پشتون آباد سے چرائی گئی عوامی حلقوں نے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ ، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اعتزاز احمد گورایہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں آئے روز گاڑیاں موٹر سائیکلیں اور موبائل چھینے جا رہے ہیں جبکہ گشت نہ ہونے کے برابر ہے۔ دوسری جانب پولیس کی وی آئی پیز ڈیوٹیوں پر بھی نظر ثانی کی جائے اور شہر میں گشت بڑھایا جائے تاکہ شہری خود کو محفوظ تصور کرسکیں ۔