قربانی کے نتیجے میں اللّٰہ سے تعلق اور تقویٰ بڑھنی چاہئے ،بلال مندوخیل

June 17, 2024

کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر شیخ بلال احمد خان مندوخیل نے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ حج اور قربانی امت مسلمہ کی عظمت کی علامات ہیں قربانی ایک اہم عبادت اور شعائر اسلام میں سے ہے یہ ایک عبادت اور مذہبی فریضہ ہے جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ کی راہ میں اپنے بیٹے کو قربان کیا اور حضرت اسماعیل نے اللہ کے حکم پر لبیک کہا آج اسی جذبے کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے، قربانی کے نتیجے میں انسان کے اندر خدا خوفی،اللہ سے تعلق، قربت اور تقوی بڑھنی چاہئے ،سنت ابراہیمی کے اثرات ہماری زندگیوں میں پڑنے چاہئیں۔ قربانی اہم فریضہ ہے، اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا جو فرد صاحب حیثیت ہو مگر قربانی نہ کرے تو عید کے دن ہماری عید گاہ میں نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ ذوالحج دین اسلام کی عظمت کو اجاگر کرنے اور مسلم حکمرانوں کو غیرت حمیت او رجہاد کا درس دیتاہے کہ وہ امت کے حوالے سے اپنی ذمہ داری کو پہچانیں،جس طرح حج کے عالمی اجتماع میں ساری امت یک جان نظر آتی ہے، اسی طرح مسلم حکمرانوں کو امت مسلمہ کے مظلومین کو عالم کفر کے ظلم وستم سے بچانے کیلئے بھی میدان عمل میں آنا چاہیے خاص کر عید کے اس پرمسرت موقع پر ہمیں کشمیر اور فلسطین کے شہیدا اور مظلوم بچوں کو نہیں بھولنا چاہئے مسلم حکمرانوں کی مفاد پرستی اوربے حسی نے اسرائیل کو درندگی و بربریت کا مظاہرہ کرنے کا موقع دیا ہے، ظالم کا ہاتھ نہ روکنا بھی ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے ۔