بولنگ کوچ براوو کے گانے ’’چیمپئن چیمپئن‘‘ پر افغان کرکٹرز کا رقص

June 24, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) آسٹریلیا کے خلاف جیت کے بعد افغان کھلاڑیوں نے میدان میںبھی جشن منایا اور ڈریسنگ روم میں رقص کیا۔پلیئرز نے ٹیم بس میں براوو کے گانے’’ چیمپئن، چیمپئن‘‘ پربھر پور ڈانس کیا۔ دلچسپ بات ہے یہ سابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈوین براوو ورلڈکپ میں افغان کرکٹ ٹیم کے بولنگ مشیر بھی ہیں۔ میچ کے بعد کھلاڑی جب ڈریسنگ روم پہنچے تو وہاں کا ماحول بھی تبدیل ہوگیا ۔ انہوں نے فتح گر کھلاڑی گلبدین کا تالیاں بجا کر استقبال کیا اور انہیں کاندھوں پر اٹھا لیا۔ آسٹریلیا کی آخری وکٹ 127 رنز پر گری تو میدان میں افغان کھلاڑیوں اور اسٹیڈیم میں سپورٹرز کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی،کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔ افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا ہے کہ ہمارا اسکور معمولی نہیں تھا۔ پچ کا اندازا تھا، اس لئے یقین تھا،ہماری پوری ٹیم نے کمال محنت کی۔ راشد خان نے ٹاس کے وقت آسٹریلیا کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر کہا تھا کہ آسٹریلیا نے ان کا کام آسان کردیا۔ ہم نے پچ کو درست پڑھا تھا، آسٹریلیا نے جلدی کی۔ گلبدین نائب نے کہا ہے کہ یہ کوئی معمولی لمحہ نہیں۔ ہم نے آسٹریلیا کو آخر کار قابو کیا۔ یہ میرے لئے ، میری ٹیم کیلئے اور میرے پورے ملک کیلئے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ہم نے بڑی جیت اپنے نام کی ہے۔